وزیرِاعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان شام کو کسی بھی وقت قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم موجودہ صورتحال پر قوم کے سامنے اپنا مؤقف رکھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم قوم سے خطاب میں بڑا اعلان بھی کریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے باعث میں نے آج لاہور یونیورسٹی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، اگلے دو روز بہت اہم ہیں، عمران خان جمہوریت کے غداروں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے۔گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کا اعلان کیا تھا تاہم پھر یہ خطاب مؤخر کردیا گیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم کا خطاب کچھ مصروفیات کی وجہ سے مؤخر کیاگیا، اور ان کا کوئی خطاب ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں