قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع، خفیہ خط پر بریفنگ دی جائے گی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں عسکری و سول قیادت شریک ہے، شرکا کو خفیہ مراسلے پر بریفنگ دی جائے گی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں مسلح افواج کےسربراہان، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، مشیر قومی سلامتی، انٹیلی جنس ایجنسیز کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام شریک ہیں۔اطلاعات کے مطابق ارکان کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خفیہ مراسلے پر بریفنگ دیں گے اور عسکری قیادت کو بھی خفیہ مراسلہ دکھایا جائے گا۔گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں خفیہ مراسلہ پیش کیا جائے۔دریں اثنا پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کمیٹی کا بھی اِن کیمرا اجلاس شام 6 بجے طلب کر لیا گیا۔ پارلیمانی سیکیورٹی کمیٹی کو خفیہ مراسلے پر بریفنگ دی جائے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حساس خط کے بارے میں پارلیمانی لیڈرز کو ان کمیرا اجلاس کی دعوت دے دی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی رہنما متفق ہو جائیں، حساس خط کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرا اجلاس میں بات ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں