این سی او سی آپریشن کا آخری دن؛ وزیراعظم کی مبارکباد

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لئے پاکستان میں قائم این سی او سی آپریشن کا آج آخری دن ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا تھا کہ این سی او سی آپریشن کا آج آخری دن ہے، کورونا کے کم ترین اور ویکسینیشن کے بلند ترین اعداد و شمار کے ساتھ مزید کام وزارت صحت کو سونپ رہے ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ دوسال تک این سی او سی کی سربراہی اور بہترین ٹیم کے ساتھ کام کرنا بڑا اعزاز ہے، پاکستان کے کورونا پرردعمل کی عالمی اداروں سے تحسین ہمارے لئے باعث فخر ہے، اللہ کے کرم اور قوم کے تعاون سےاس بڑے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے قابل ہوئے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں این سی او سی کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جب این سی او سی بند ہونے جارہا ہے میں اس میں شامل ٹیم اور ان کی قیادت کو وبا سے مقابلہ کرنے کے لئے پیشہ ورانہ مہارت اور ملک گیر تعاون پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کورونا کیخلاف ہمارے اقدامات کو عالمی ایجنسیوں نے سب سے کامیاب تسلیم کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں