بحریہ یونیورسٹی H-11کیمپس کی افتتاحی تقریب کا اسلام آباد میں انعقاد

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)بحریہ یونیورسٹی کےسٹیٹ آف دی آرٹ H-11کیمپس کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نشان امتیاز(ملٹری) ستارہ بسالت تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) کلیم شوکت ہلال امتیاز (ملٹری) ریکٹر بحریہ یونیورسٹی، انجینئر وحید احمد منگی ڈائریکٹر جنرل پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن، ریئر ایڈمرل طارق محمود ستارہ امتیاز (ملٹری) ڈی جی میری ٹائم ٹیکنالوجی کمپلیکس، انجینئر ناصر محمود خان سیکرٹری/رجسٹرار پاکستان انجینئرنگ کونسل، بحریہ یونیورسٹی کے سابق ریکٹرز، موجودہ اور ریٹائرڈنیول اور سول افسران اور بحریہ سکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے ڈین اور فیکلٹی ممبران بھی اس شاندار افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔اپنے افتتاحی خطاب کے دوران ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) کلیم شوکت ہلال امتیاز (ملٹری) نے شرکاء کو بتایا کہ یہ کیمپس خصوصی طور پر فکیلٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کیلئے بنایا گیا ہے۔ 4ایکٹر رقبے پر محیط یہ وسیع کیمپس دو اکیڈمک بلاکس، گرلز ہاسٹل، 22لیکچرز ہال، جدید ساز و سامان سے آراستہ 21لیبارٹریز، فکیلٹی ممبران کے دفاتر اور دو منزلہ مرکزی لائبریری پر مشتمل ہے۔ مزید برآں، اس شاندار کیمپس میں آڈیٹوریم، کانفرنس روم، طلباء سپورٹ سینٹر، ایڈمنسٹریشن دفاتر، طلباء و طالبات کیلئے علیحدہ کامن رومز، فیکلٹی ممبران اور طلباء کیلئےکیفےٹیریاز، ڈے کیئرسنٹراور طبی سہولیات بھی موجود ہیں۔کیمپس میں کھیل سے متعلق سرگرمیوں کیلئے بھی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نےنئے کیمپس کیلئے فنڈز کی دستیابی پر حکومت پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نشان امتیاز (ملٹری) ستارہ بسالت نے سکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کیلئے الگ کیمپس بنانے پر بحریہ یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور اسے ایک عظیم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور کا تقاضا ہے کہ ہم نہ صرف اپنے نوجوانوں کو جدید معلومات سے ہمکنار کریں بلکہ ان میں تعمیری، تجزیاتی اور تنقیدی سوچ کو بھی پروان چڑھائیں۔ انہوں نے کہا ہم تحقیق، ڈگری پروگرامز اور سٹڈی سیشنز سے متعلق چین کی یونیورسٹیز سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ طلباء میں ایسی جستجو کو بیدار کریں کہ وہ پاکستان کی ترقی کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کریں۔اس سال بحریہ یونیورسٹی کے تعلیمی سفر کو 22سال مکمل ہو چکے ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی کے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے کثیر المقاصد کیمپسز میں 19ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ H-11کیمپس کی تکمیل معیاری تعلیم کی فراہمی میں بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فکیلٹی ممبران کے عزم اور انتھک کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں