کراچی، جناح گراؤنڈ سے ملنے والی لاش کا معاملہ حل، باپ ہی نوجوان کا قاتل نکلا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) مزار قائد سے متصل جناح گراونڈ سے تشدد زدہ لاش ملنے کا معمہ شرقی پولیس نے حل کرلیا۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر کے مطابق مزار قائد سے متصل جناح گراونڈ سے 9 جنوری کو نوجوان کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی تھی جس کی شناخت فیصل مسیح کے نام سے ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں کی گئی تفتیش کے دوران واردات میں مقتول کا والد یعقوب مسیح ہی ملوث نکلا۔ ملزم نے دوران تفتیش بیان دیا کہ اس کا بیٹا چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا، مقتول نا صرف خود نشہ کرتا بلکہ اپنی بہن کو بھی نشے کا عادی بنا دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے غصے میں آکر اپنے بیٹے کو مارا، اس پر بے پناہ تشدد کیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، اس نے بیٹے کی لاش کو جان بوجھ کر بوری میں بند کیا اورگراؤنڈ میں پھینک دی، لاش بوری میں پھینکنے کا مقصد لسانی جماعت پر الزام لگانا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم منصوبہ بندی سے خود کو بچانا چاہتا تھا جسے آپریشن پولیس نے حکمت عملی سے گرفتار کیا۔