جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی نے 21 زندگیاں‌ نگل لیں

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) پرونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 اموات کی تصدیق کردی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد میں 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 9، بہاول نگر، بہاولپور اور لودھراں میں 3، 3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ صوبے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے یہ بھی کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر کال کریں۔