ضمنی انتخابات: 23 قومی اور صوبائی حلقوں پر 239 امیدوار مدمقابل

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) پاکستان بھر میں مختلف قومی اور صوبائی اسمبلی کے 23 حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 239 امیدوار مد مقابل ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 23 خالی نشستوں پر ہو رہے ہیں۔
ان انتخابات میں کل 239 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے کے مطابق کل 239 امیدواروں میں سے 50 خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پہلے ہی این اے 207 سے بلامقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے کل 23 امیدوار میدان میں ہیں جب کہ پنجاب میں 154 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
سندھ میں زبیر احمد جونیجو نے پی ایس۔80 سے بلامقابلہ اپنی نشست حاصل کی۔ بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضروری انتخابی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران مقررہ انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔
13 مارچ کو الیکشن کمیشن نے 23 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ ان انتخابات میں قومی اسمبلی کی چھ، پنجاب اسمبلی کی 12 نشستیں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو نشستیں، سندھ اسمبلی کی ایک نشست اور بلوچستان اسمبلی کی دو نشستیں بھی شامل ہیں۔