خیبرپختونخوا میں بارشوں سے حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہوگئی

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہو چکے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تیزبارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 15 بچے، 12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیواریں اور چھتیں گرنے سے صوبے میں مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جس میں 160 گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نقصانات ہوئے۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر 12 متاثرہ اضلاع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔