مانسہرہ کالونی میں حملہ کو ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو کیش ایوارڈ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع مانسہرہ کالونی میں غیرملکیوں پر جمعہ کی علی الصبح ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو بروقت اور فوری ریسپانس سے ناکام بنانے پر کراچی پولیس کے افسران و جوانوں پر مشتمل ٹیم کو انکی دلیرانہ کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کیش ریوارڈ اور تعریفی اسناد (CC-I) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے آئی جی سندھ کی جانب سے ایس ایس پی ملیر سمیت انکی پولیس ٹیم کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میں باالخصوص مدعو کیا گیا۔جہاں اس واقعہ میں ہراول کردار ادا کرنیوالے کانسٹیبل قاسم حبیب کو 5 لاکھ روپئے نقد انعام دیا اور قائداعظم پولیس میڈل کی بھی سفارش کی ہے۔جبکہ دیگراہلکاروں کو کیش انعام،تعریفی اسناد اور CC-Iسے نوازا گیا۔

اس موقع ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ بھی موجود تھے

آئی جی سندھ نے دہشت گردوں کے خلاف انتہائی تیز ترین, بروقت اور دلیرانہ اقدام اٹھانے پر ایس ایس پی ملیر اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو ہر سطح پر لائق ستائش اور تحسین قرار دیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف آج کے اس اقدام اور کامیاب کاوش سے پوری سندھ پولیس کا ناصرف مورال بلند ہوا ہے بلکہ عوام کے پولیس پر اعتماد کو بھی مزید تقویت ملیگی۔