کونسل کے آٹھویں باضابطہ اجلاس میں بجٹ سال 2024-25 کی کثرت رائے سے منظوری

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاون شعیب بن ظہیر نے میو نسپل کمشنراَیازحمیداللہ بلوچ کے ہمراہ سال 2024-25 کا مالیاتی بجٹ پیش کر دیا۔بجٹ اجلاس کا انعقاد مورخہ 28 جون 2024 ؁ء بروز جمعہ بمقام کونسل ہال نیو کراچی ٹاؤن میں منعقدہوا۔ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر جواد حسن، اراکین کونسل نیو کراچی ٹاؤن،بجٹ آفیسر حبیب راجپوت، اکاؤنٹ آفیسر میر محمد، ڈائریکٹر ایڈامن شمعونہ صدف و دیگر ٹاؤن افسران کی بڑی تعداد میں شرکت۔بجٹ اجلاس کے آغاز میں تلاوت کلام پاک، مطالعہ حدیث اورنعت رسول مقبول ؐ پیش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کابجٹ برائے سال 2024-25 وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاون شعیب بن ظہیر نے میو نسپل کمشنر اَیاز حمیداللہ بلوچ کے ہمراہ پیش کر دیا۔ مالیاتی بجٹ سال 2024-25 کا تخمینہ محاصل کی مد میں آکڑائے ضلع ٹیکس،جائیداد ٹیکس کا حصہ، متوقع گورنمنٹ گرانٹ، روڈ کٹنگ، از خود آمدنی کی متوقع آمدنی تین ارب چار کروڑ اکتالیس لاکھ چوراسی ہزار پانچ سو بیاسی روپے رکھا گیا ہے۔ جس میں غیر ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ دو ارب اُنتیس کروڑ ستاسی لاکھ چھیالیس ہزار رکھا گیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کی مد میں بجٹ کا تخمینہ چوہتر کروڑ باون لاکھ ساٹھ ہزار لگایا گیا ہے۔جبکہ بچت کا تخمینہ ایک لاکھ اٹھترہزار پانچ سو بیاسی روپے لگایا گیاہے۔ بجٹ سال برائے 2024-25 نیو کراچی ٹاؤن کے کونسل اراکین نے کثرت رائے سے منظوری دے دی۔بجٹ اجلاس سے وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن کی کارکردگی کا انحصار سندھ حکومت کی جانب سے دی جانے والی OZT (آکٹرائی ضلع ٹیکس) پر ہوتا ہے جس کی مقدار بہت کم ہے اس لئے نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مسائل کو حل کرنے میں مُشکلات پیش آرہی ہیں۔ اراکین کونسل اور منتخب نمائندوں نے کم وسائل میں جس طرح سے مسائل سے نبرد آزما رہے وہ ایک مثال ہے۔سندھ حکومت نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے فنڈ میں اضافہ نہیں کیا اور ہم نے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوامی خدمت میں ایک سال گزارا۔بجٹ اجلاس میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے جماعت اسلامی کی شگفتہ انیس کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں 77 % فیصد فنڈ غیر ترقیاتی کاموں کے لئے رکھا گیا ہے اور ترقیاتی کاموں کے لئے جو رقم مختص کی ہے وہ ناکافی ہے۔ جس کی وجہ سے نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام کس طرح ممکن ہوسکیں گے۔یوسی وائس چیئرمین عمران شفیق نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ میں محترمہ شگفتہ انیس کی باتوں سے مکمل اتفاق کرتا ہوں اور ترقیاتی کاموں کی مد میں بجٹ میں رکھی گئی رقم میں اضافہ کیا جائے۔ا س موقع پر اپوزیشن لیڈر جواد حسن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کو اپنے رویے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے سندھ حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے منتخب نمائندوں کو اپنے کام پر توجہ دینی چاہئیے۔ ٹاؤن میو نسپل کارپوریشن کی غیر اہم کمیٹیوں میں اپوزیشن کو ڈالا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔ اس موقع پر میو نسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بہت جلد ٹاؤن میو نسپل کارپوریشن کو دی جانے والی OZT (آکٹرائی ضلع ٹیکس) میں اضافہ کردے گی۔آخر میں وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ اراکین کونسل کا شکریہ ادا کیا اور بجٹ برائے سال 2024-25 کی کثرت رائے سے منظوری لی۔