سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں 140 روپے تک اضافہ

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) نئے وفاقی بجٹ کےنفاذ کے بعد سیمنٹ کی فی بوری کی قیمت میں 130 سے 140 روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک بوری پر 100 روپے ایکسائز ڈیوٹی کے بعد سیمنٹ کی بوری کی قیمت 1410 سے 1420 روپے ہوگئی ہے۔سیمنٹ کی نئی قیمتوں کا اطلاق بھی آج سے ہوگیا۔
دوسری جانب ملک سے سیمنٹ کی برآمد ات میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے آغازسے اب تک 7.15 ملین ٹن سیمنٹ کی برآمد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات کاحجم 4.57 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا، جون کے مہینہ میں اب تک 0.51 ملین ٹن سیمنٹ کی برآمد ریکارڈ کی گئی،جوگزشتہ سال جون کے مقابلے میں 11فیصد کم ہے۔

گزشتہ سال جون میں سیمنٹ کی برآمدات کاحجم 0.58 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا، اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کاحجم 37.87 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کاحجم 40.02 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔