چیئرمین پیمرا ابصارعالم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں مبینہ طور پر عدلیہ پر اثرانداز ہونے اور متنازع بنانے پر توہین عدالت کی پٹیشن دائر کردی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق منیر احمد نامی شہری نے ایڈووکیٹ اظہرصدیق کی توسط سے ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ابصارعالم نے رواں ہفتے کے آغاز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پیمرا عملی طور پر غیرفعال ہے کیونکہ عدالت کی جانب سے حکم امتناع (اسٹے آرڈرز) جاری کیے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹس نے پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹسز کے خلاف بھی اسٹے آرڈر جار کر رکھے ہیں۔منیراحمد نے موقف اپنایا کہ چیئرمین پیمرا نے ملک کی عدالتوں کو بدنام کیا اور متنازع بنانے کی کوشش کی۔انھوں نے عدالت سے کہا کہ ابصار عالم کی جانب سے عدالتوں پر تنقید کرنے پر توہین عدالت کی سماعت کا آغاز کردیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں