کراچی میں‌انٹرامتحانات میں پرچے آؤٹ اور نقل کرانے میں ملوث 4 'ایجنٹ' گرفتار

کراچی (اہچ آر این ڈبلیو) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں‌ نقل کا بازار گرم کرنے والوں‌ کے خلاف قانون کا شکنجہ کس دیا گیا. سی ٹی ڈی نے انٹر امتحانات کے پرچے آؤٹ کرنے اور نقل کرانے میں‌ ملوث 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے. نجی ٹی وی کے مطابق سی ٹی ڈی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل عامر فاروقی کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد کے قبضے سے دستخط شدہ امتحانی کاپیاں بھی برآمد کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے جانے والے چاروں مشتبہ افراد ایجنٹس کے طور پر کام کرتے تھے۔ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ ان افراد نے جوابی کاپیاں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (بی آئی ای کے) سے حاصل کی تھیں تاکہ انہیں طالب علموں کو فروخت کیا جاسکے۔خیال رہے کہ کراچی میں انٹر کے امتحانات جاری ہیں، جہاں روزانہ کی بنیاد پر پرچے آؤٹ ہونے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں، گذشتہ دنوں نقل کے لیے بنائے گئے مختلف واٹس ایپ گروپ پر بھارتی نمبروں کی موجودگی کا انکشاف بھی ہوا تھا جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔مراد علی شاہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ واٹس ایپ گروپ میں بھارتی نمبرز کی موجودگی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ نقل مافیا کو پکڑنے کا ٹاسک پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سپرد کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں