شدید مہنگائی کے باعث ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے،جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے سینٹ الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن کراچی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی میں صبح شام اضافے سے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلنے کا اندیشہ موجود ہے کیونکہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث صنعتیں بند ہورہی ہیں اور بیروزگاری اور غربت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور سینٹ کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت صبح شام بجلی، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کررہی ہے۔ جس سے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ غریب عوام کس سے فریاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ غریب عوام پر بمباری کرنے کے مترادف ہے جبکہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث ہر پاکستانی لاکھوں روپے کا مقروض ہو گیا ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مہنگائی سے ملک میں بیروزگاری اور غربت بڑھ رہی ہے۔ خدشہ ہے کہ شدید مہنگائی کے باعث ملک میں انتشار اور بدامنی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوریت پسند جماعت ہے اور ہم ہر جمہوری طریقے سے سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کریں گے اور عوام کی طاقت سے نا اہل وفاقی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کو نا کام بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں