محکمہ ایکسائز سندھ نے تین ماہ میں 33483 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کرلیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے رواں مالی سال میں ستمبر 2022 تک ٹیکس وصولی کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی 2022 سے ستمبر 2022 تک مجموعی طور پر 33483 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران 31717 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مذید بتایا کہ انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 29608.539 ملین روپے ٹیکس جبکہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 2380.721 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا ۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کے مطابق پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 92.228 ملین روپے ٹیکس اور کاٹن فیس کی مد میں 2.516 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم افسران ٹیکسز کی وصولی کے لئے مذید محنت کریں۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ کاروباری حضرات ایک آسان طریقہ کار کے ذریعے محکمے کی ویب سائٹ پر اپنا کاروبار رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں ۔ مکیش کمار چاؤلہ نے ٹیکس نادہندہ گان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروائیں۔