پنجاب میں چکی آٹے نے سارے ریکارڈ توڑ دیے، قیمت 165 روپے تک جاپہنچی

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب میں عوام آٹے کیلئے خوار ہوگئے،چکی آٹے کی 165 روپے قیمت نے پچھلے تما م ریکارڈ توڑ دیئے۔ نانبائیوں نے روٹی نان کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ۔ چکی مالکان اور نانبائیوں نے سبسڈائزڈ گندم ،آٹے کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ فلورملز کو سبسڈائزڈ گندم کی ریکارڈ فراہمی بھی آٹے کی دستیابی یقینی نہ بنا سکی۔سرکاری آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648 روپے پر بھی مارکیٹ میں طلب کے معاملے پر ناپید، نجی آٹے کا پندرہ کلو کا تھیلا 1800 سے 1850 روپے میں فروخت، چکی آٹے کی قیمت 165 روپے فی کلوکی تاریخی سطح تک پہنچ گئی۔ حال ہی میں تقرری کے بعد سیکر ٹری فوڈ پنجاب نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اسپیشل ٹیمیں بنا کر خود ناکوں اور فلورملز کی چیکنگ کرنا شروع کردی۔ سرکاری گوداموں سے روزانہ 23 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ریلیز کے باوجود مارکیٹ میں سبسڈائزڈ آٹے کے حصول کیلئے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا۔ محکمہ خوراک کے دعوے کے مطابق پنجاب میں روزانہ سبسڈائزڈ آٹے کے 5 لاکھ تھیلے فراہم کیے جارہے ہیں لیکن حقائق اس کے برعکس ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنخاب کی فلور ملز کو روزانہ ریکارڈ سبسڈائزڈ گندم ریلیز کی جارہی ہے جس کی قیمت 2300 روپے فی من ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں نجی گندم کہ قیمت4200 روپے سے 4300 فی من تک پہنچ چکی ہے۔ اس طرح فی من قیمت میں 2000 روپے کا واضح فرق ہے جس سے پنجاب سے گندم کی اسمگلنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے روزانہ ریلیز کیے جانے والے کوٹے میں سے 40 فیصد تک گندم اسمگل کی جارہی ہے جس میں سے کچھ مقامی مارکیٹ میں اور باقی دیگر صوبوں میں فروخت کردی جاتی ہے۔ اس طرح سرکاری اعدادوشمار کے مطابق تو پنجاب میں وافر سبسڈائزڈ آٹا ہے لیکن عملی طور پر پنخاب میں5 لاکھ کے سرکاری عدد کی بجائے روزانہ سبسڈائزڈ آٹے کے 2 سے اڑھائی لاکھ تک تھیلے بنائے جارہے ہیں۔ سرکاری پوائنٹس اور ٹرکوں کے باہر عوام کی اکثریت لمبی قطاروں میں لگنے کے باوجود گھنٹوں بعد بھی آٹا حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب کے پاس اس وقت 15 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، وفاق سے پنجاب نے 25 لاکھ ٹن گندم مانگی ہے اور وفاق نے پنخاب کو گندم فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ پنجاب سے اگر یونہی گندم کی ریلیز جاری رہی تو پنجاب کے ذخائر 15 مارچ تک ختم ہوجائیں گے جبکہ آگے رمضان المبارک کیلئے گندم کا انتظام مشکل ہوجائے گا۔ اس وقت مارکیٹ میں 10 کلو کا سرکاری آٹے کا تھیلا طلب کے مطابق مل نہیں رہا، نجی آٹے کا 15 کلو کا تھیلا 1800 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے چکی مالکان نے آٹا 165 روپے فی کلو کردیا ہے ۔ مہنگے آٹے سے روٹی کی قیمت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔