لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے زیر اہتمام 9ویں کانووکیشن 2024ءکا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے 9ویں کانووکیشن 2024ءکی تقریب کنونشن سینٹر، آڈیٹوریم ،لیاقت نیشنل ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج (LNH&MC) میں منعقد ہوئی جس میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کریم اللہ مکی، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے خطاب کیا، ایم بی بی ایس کے 91فارغ التحصیل طلباءکو JSMUکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج ڈگریاں دیں۔

کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کریم اللہ مکی نے کہاکہ انسانی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے امید ہے گریجویٹس طلباءاپنی عملی زندگی میں سخت محنت اور لگن سے کام کریں گے انسانیت کی خدمت کے لیے مضبوط جذبہ ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہاکہ میں تمام مہمانوں کا خیرمقدم کرتا ہوں اور فارغ التحصیل طلباءاور ان کے والدین کو بطور ڈاکٹر اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے ساتھ داخل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے طلباءنہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی ممالک میں بھی اپنی ماہرانہ خدمات انجام دے رہے ہیں جوکہ قابل تعریف ہے۔

میڈیکل ڈائریکٹر، لیاقت نیشنل ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہاکہ قوم مشکل وقت سے گزر رہی ہے اور نوجوان ڈاکٹرز کی حیثیت سے فارغ التحصیل ہونے والوں کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ یا تو حالات کو تسلیم کریں یا پھر کامیابی کے راستے تلاش کریں،انہوں نے کہاکہ فارغ االتحصیل طلباءانسانیت کی خدمت میں خوشی تلاش کرکے اپنی زندگیوں کو بامقصد بنائیں کیونکہ حقیقی خوشی لینے سے نہیں دینے سے ملتی ہے ، انہوں نے مزید کہاکہ کامیابی کا مطلب پیسہ کمانا اور امیر بننا نہیں ہے بلکہ کامیابی اندرونی اطمینان ہے جو انسانیت کی خدمت سے حاصل ہوتا ہے۔ طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ اپنے علم کو مسلسل اپ ڈیٹ کریں کیونکہ میڈیسن کے تیزی سے بدلتے ہوئے دائرہ کار کے ساتھ ڈگریوں اور لائسنسوں کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ عالمی اور قومی سطح پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اس لیے گریجویٹس کو چاہیے کہ وہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہروقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس ایم یو نے ایک الحاق شدہ یونیورسٹی کے طور پر لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کی ترقی کو فخر کے ساتھ دیکھا ہے جس کی وجہ اس کے تعلیمی مقاصد اور بلند معیار ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ آج کا دن میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کا اختتام نہیں بلکہ مسلسل سیکھنے کے عمل کا آغاز ہے۔

9ویں کانووکیشن میں ڈاکٹر سیدہ حرا اعجاز نے پہلی پوزیشن ،ڈاکٹر سہیرہ طارق نے دوسری جبکہ ڈاکٹر عبداللہ معیز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر سہیرہ طارق کو ایم بی بی ایس پروگرام کے پانچ سالوں میں بہترین تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر بہترین گریجویٹ 2023 کے لیے “واجد علی شاہ” میڈل سے بھی نوازا گیا۔وائس چانسلر نے کامیابی حاصل کرنے والے طلباءکو میڈلز سے نوازا۔