ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کے آپریشنزموثر بنانے کے لئے افرادی قوت بڑھانے کا فیصلہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) حکومت سندھ نے ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کے آپریشنز کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے افرادی قوت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلی سطح کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ ایکسائز کی ہائی ویز پر چوکیاں مکمل طور پر فعال کرنے اور بین الصوبائی سرحدوں پر نئی چوکیاں تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہائی ویز پر چوکیاں مکمل طور پر فعال کی جائیں گی اور بین الصوبائی سرحدی راستوں پر نئی چوکیاں تعمیر کی جائیں گی، چوکیوں پر ہمہ وقت ایکسائز اہلکار تعینات رہیں گے، جو دیگر فورسز کی طرح موثر چیکنگ کو یقینی بنائیں گے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے فیصلے کے تحت چوکیوں کے تعمیر کا کام بروقت شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے
اجلاس میں موٹر وہیکل ونگ سے 100 سے زائد کانسٹیبلز کو نارکوٹکس کنٹرول ونگ میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اس کی افرادی قوت بڑھائی جائے گی، تعلیمی اداروں میں ڈرگ ٹیسٹنگ جلد شروع کی جائے گی، اس سلسلے میں تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات معاشرے کو کھوکھلا کر رہی ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں، انہوں نے ہدایات دیں کہ منشیات کی روک تھام کے لئے اسنیپ چیکنگ کا موثر نظام شروع کیا جائے۔
اجلاس کے موقع پر ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی نے منشیات کے خلاف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔