بجلی ادارے عوام کو رات کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اقدامات سے اآگاہ کریں. ناصر شاہ، سعید غنی

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے آج محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں محرم الحرام کے دنوں میں بجلی سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے علماء کرام کے ساتھ اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک یکم محرم سے 12 محرم تک مغرب تا صبح فجر تک مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کو خصوصی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری توانائی مصدق احمد خان ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سید محمد تقی، سید شبیر رضا، غفران مجتبیٰ، سید عباس حیدر زیدی، سید علی عرفان عابدی ، ناظم علی رضوی، کے الیکٹرک، حیسکو، سیپکو کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ناصر شاہ اور سعید غنی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو رات کے اوقات میں رات 12 سے صبح 6 کے درمیان لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک روزانہ کی بنیاد پر میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کرے اور ساتھ کسی پیک آوورز میں کمی کے حوالے سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے اور اسکی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر انھیں بھی بھیجی جائے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پیک آوورز میں کمی کرکے اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ وہ سکھ و چین کی نیند سو سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 8، 9، 10 محرم الحرام کے دن مکمل لوڈشیڈنگ فری کیا جائے۔ حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک نے بھی اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔