پیپلز پارٹی نےمعاشی حب کراچی کو تباہ وبرباد کردیا، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

کراچی(ایچ آر این ڈبلیو) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر ناکام اور نااہل قسم کے لوگ حاکم ہیں ، پی آئی اے ، اسٹیل مل ، ویلوے ، ایئرپورٹس، موٹرویز سمیت تمام قومی اثاثوں کوتباہ وبردبادکردیا گیا ، ان تمام اداروں کو نجکاری کے نام پر فروخت کیا جارہاہے، اگر نقصان دہ اداروں کی نجکاری ہی اصول ہے توحکومت بھی نہیں چل رہی اس کی بھی نیلامی کردی جائے، وزارت اور صدارت کی بھی نجکاری کردیں۔اس موقع پر مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سید حسن ظفر نقوی ، صوبائی صدر علامہ سید باقرعباس زیدی، علامہ مختاراحمد امامی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری، ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی،علامہ علی انور جعفری، رضی حیدر رضوی، آصف صفوی، علی نیئر، امتیاز عباس زیدی، ناصرالحسینی، احسن عباس رضوی ودیگر بھی موجود تھے۔

انہوںنےکہا کہ موجودہ بجٹ ظالمانہ اور بےرحمانہ بجٹ ہے،ایسا لگتا ہے کہ بجٹ عوام کے دشمنوں نے بنایا ہے ، کمزور طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، حکمرانوں نے اپنے خرچے کم کرنے کے بجائے بڑھادیئےہیں،کہتے ہیں ہم تنخواہیں نہیں لیتے،انہیں اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنی ہوں گی،حکمرانو ںنے سینیٹرز اور اراکین اسمبلی کی سہولتیں بڑھادی ہیں، یہ فارم 47 والے حکمران ہیں جنہیں عوام نے مسترد کردیا تھا، یہ فارم 47 والے بےضمیر ہیں اور عوام سےانتقام لے رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی بدقسمتی ہے کہ ایک ایسی خاتون وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہے جن کے منہ کی نفرت کی آگ نکلتی ہے، حکمرانوں کے معمولات زندگی سے نہیں لگتا کہ یہ غریب عوام کے ترجمان ہیں،برانڈڈسوٹس ، جیولری اور جوتے ہمارے غریب عوام کا خون چوس کر خریدے جاتے ہیں، ان حکمرانوں کا عوام کے ساتھ کوئی میچ نہیں بنتا،یہ وہ ٹولا ہے جس کے اثاثے ملک سے باہر ہیں براوقت شروع ہوتےہی یہ ملک چھوڑ کر بھاگ نکلیں گے،پاکستان کے جیتے بے گناہ دو جنگوں میں شہید نہیں ہوئے اس سے زیادہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر وطن کے اندر لوگ مارے گئے۔

انہوںنے کہا کہ اگر آئین پر عمل ہوتو پاکستان بحرانوں سے نکل سکتا ہے، حالیہ الیکشن میں آئین کو پاؤں تلے روندا گیا، عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا گیا، حکمرانوں کی نا اہلیوں کے خلاف بات کرنے والوں کا برا حال کردیا گیا، ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ڈرنا نہیں چاہئے بانی پی ٹی آئی نہیں عمران خان کا نام لیکر مخاطب کرنا چایئے، افسوس مودی ، نیتن یاہو اور جوبائیڈن جیسے انسانیت کے قاتلوں کے نام لینے پر کوئی پابندی نہیں جبکہ قومی ہیرو عمران خان کے نام پر پابندی عائد ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جس پر عوام کو اعتماد ہے، اس نے اس ملک کو لوٹا نہیں، وہ اس ملک سے بھاگا نہیں ، عمران خان کو غلاموں نے جیل میں ڈالا ہوا ہے ،عمران خان جلد باہر آئیں گے وہ جب سے جیل گئے ان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہوا ہے،اللہ فرعون کے گھر موسیٰ کو پالتا ہے، عمران خان عوام کے دلوںمیں رہتا ہے ، مکہ ، مدینہ، نجف، کربلا، مشہد وقم میں جتنی دعائیں عمران خان کیلئے عوام کرتی ہے کسی اور کے لئے نہیں کرتی ۔ عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو عوام زبردستی باہر لائیں گے۔

انہوںنے مزید کہا کہ دنیا بھرمیں رواج ہے کہ نئے انتخابات سے ملکوں کو بحرانوں سے باہر نکالاجاتا ہے لیکن ہمارے یہاں اس کا الٹ نظام ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان چھین کر اور مخصوص نشستیں نا دیکر غیر آئینی و غیر قانونی اقدام اٹھایا،ملک کی بائنڈنگ فورس عمران خان اور عوام ہیں،اپنے غلط فیصلوں سے ملک کو ایک نئے بحران میں دھکیلنے والے چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن عوام کو جواب دہ ہیں ،موجودہ حکمران اقتدار کے حصول کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں، عمران خان پاور پولیٹکس کا کھلاڑی نہیں اگر ایسا ہوتا تو وہ ہر صورت اقتدار کے حصول کیلئے ڈیل کرتا لیکن اس نے سختیوں کو گلا لگایا، فرار نہیں ہوا کیوں کہ وہ سیاست میں الہیٰ اقدار کے نفاذ کی جدوجہد کررہا ہے ۔

ملک کوسب سے زیادہ ریوینیو جمع کرکے دینے والا شہر کراچی اسٹریٹ کرمنلز کا گڑھ بن چکا ہے،شہری ڈکیتوں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں،آج بھی جعفرطیار سوسائٹی میں دو نوجوان بے رحم ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی گذشتہ 16برس سے اس صوبے پر حاکم ہے ، سندھ میں کچھ نہیں بدلا، لاڑکانہ کو تو اب تک لٹل اسلام آباد بن جانا چاہے تھا۔

کے الیکٹرک جیسا ظالم ادارہ عوام کا گلا دبنانے میں مصروف ہیں، اوور بلنگ اور ناجائز ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے عوام سے اینٹھے جارہے ہیں اس کے باوجود شہر میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، جان بوجھ کرکراچی کی صنعتوں کو تباہ وبرباد کردیا گیا۔ پی پی پی نے فارم 47 والا میئر اس شہر پر مسلط کردیا،ایم این ایز کے لئے500 ارب روپے رکھے گئے ہیں، یہ سارا مال لوٹیں گے، سنا ہے حالیہ الیکشن میں 70 میں بلوچستان اور 100 ارب میں سندھ فروخت ہوا، سمندر کنارے موجود شہر پینے کے پانی سے محروم ہے، ٹینکر مافیا کا راج ہے، عوام فلٹر پلانٹس سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ کراچی سے گلگت تک عوامی ملکیتی اراضیوں پر ناجائز قبضے کیئے جارہے ہیں، وادی حسین ؑ قبرستان کراچی کی ذرخرید زمین کا بھی ایک حصہ عسکری 6 نامی ہاؤسنگ سوسائٹی کو دینے کی کوشش کی جارہی ہے ،وادی حسین ؑ دنیا بھر میں ایک رول ماڈل قبرستان ہے جسے مزید سہولیات دینے کی ضرورت ہے نا کہ اس کی زمین پر قبضے کی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چودہ سو سالوں سےدنیا بھرمیں نواسئہ رسول ؐ امام حسینؑ کی یاد میں عزاداری منعقد ہوتی ہے، لیکن افسوس ہمارے ملک میں یزیدی طرز پر عزاداری کے خلاف مقدمے درج ہوتے ہیں، ایسے ایسے علماء و ذاکرین پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں ، ان کی زبان بندی اور ضلعی بدری کے احکامات جاری ہوتے ہیں جہیں فوت ہوئے بھی دہائیاں گذر چکی ہیں،سبیلوں کے اہتمام پر ایف آئی آر ، جلوس ومجلس کے انعقاد پر ایف آئی آر، جلوس میں چند منٹ کی تاخیر کے سبب بانی کے خلاف مقدمے کا اندراج یہ سب یزیدی اور شمری طرز حکومت کے انداز ہیں، عزاداری ہماری آئینی ، قانونی اور شہری حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔

وفاقی وصوبائی حکومتیں عزاداران امام حسینؑ کو ہرممکن سہولیات کو یقینی بنائے، جلوس ومجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے موثر انتظامات کی ضرورت ہے، کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم الحرام میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ اس محرم میں پہلے سے زیادہ مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند ہوگی، شیعہ سنی مل کر نواسہ رسول ؐ کی یاد منائیںگے۔ یہ ہماری مشترکہ میراث ہے اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے، غزہ کے مظلوموں نے جرائت اور جواں مردی کی جو مثال قائم کی ہے اس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ، انہیں طویل استقامت کے نتیجے میں ظالم اسرائیل کے سامنے سر نا جھکا کر خود کو بے مثال بنا دیا ہے ۔ اب یہ نوبت آچکی ہے کہ مغربی دنیا میں ہونے والے الیکشن غزہ کی حمایت اور مخالف کے معیار پر لڑے جارہے ہیں۔