خیبرایجنسی اورجنوبی وزیرستان میں‌چھاپے، خودکش جیکٹس، بارودی سرنگیں‌ برآمد

راولپنڈی (ایچ آر این ڈبلیو) فسادیوں‌ کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد کامیابی کے ساتھ جاری ہے. تازہ ترین کارروائیوں‌ میں‌ متعدد مشتبہ افراد دھرلیے گئے، خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں‌چھاپوں‌ کے دوران خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں برآمد کرلی گئیں. ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبر ایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران متعدد خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز سلنڈر، اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، ایس ایم جیز، مختلف بور کے پستول اور راکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب، اسلام آباد اور پنجاب میں بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا.کل شب سکیورٹی فورسز نے پشاور اوراسلام آباد میں کئی متشبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے گھر، گھر سرچ آپریشن کرتے ہوئے 90 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد سے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے پشاور کے علاقے گڑھی قمر دین میں کارروائی کرتے ہوئے عبدالواحد نامی شہری کے اغوا میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔اسلام آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے فراش ٹاؤن میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے دو مشکوک افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ کہروڑ پکا بستی شیر والا میں پولیس، ایلیٹ فورس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور 52 افراد کی بائیو میڑک تصدیق بھی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں