ایک اور بھارتی اداکار نے اسلام کیلئے شوبز کو ترک کردیا

ممبئی(ایچ آراین ڈبلیو)بالی ووڈ کی سابق اداکاراؤں زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد ایک اور بھارتی اداکار اور ماڈل ثاقب خان نے اسلام کے بتائے ہوئے سیدھے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کو ترک کردیا۔ نوجوان بھارتی اداکار اور ماڈل ثاقب خان نے اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر سب کو حیران کردیا۔ثاقب خان کا تعلق بھارت کے زیرانتظام جموں کشمیر سے ہے اور وہ ایک وکیل ہیں۔ انہیں شہرت ایم ٹی وی کے مشہور رئیلیٹی شو ’’روڈیز ریوولیوشن‘‘ میں منتخب ہونے سے ملی تھی۔ اس کے علاوہ وہ آلٹ بالاجی کی ویب سیریز ’’دل ہی تو ہے سیزن 3‘‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔ثاقب خان نے چند روز قبل انسٹاگرام پر شوبز کو ترک کرنے کے حوالے پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا ’’اسلام و علیکم بھائیوں اور بہنوں! امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ آج کی پوسٹ میں میں اعلان کرنا چاہتاہوں کہ میں شوبز کو خیرباد کہہ رہاہوں۔ لہذا اب میں مستقبل میں نہ ہی ماڈلنگ کروں گا اور نہ اداکاری، ثاقب نے مزید کہا ایسا نہیں ہے کہ کام نہیں تھا میرے پاس یا میں نے کوشش ہی ترک کردی۔میرے پاس بہت اچھے پراجیکٹس تھے، بس اللہ کی مرضی نہیں تھی۔ضرور کچھ اچھا اور بہتر اللہ نے سوچا ہوگامیرے لیے انشااللہ۔ وہ (اللہ) بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔ثاقب خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ان تمام لوگوں سے معافی کی درخواست کی جنہیں انہوں نے کبھی دانستہ اور نادانستہ طور پر دکھ پہنچایا ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی دعائیں قبول کرے اور ہم پر اپنی رحمت برسائے رکھے آمین-

اپنا تبصرہ بھیجیں