اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق فواد چوہدری کا بیان گمراہ کن ہے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے نائب صدر کے حوالے سے کہا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہیں کئے حقائق کے برعکس اور گمراہ کن بیان ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ سابقہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ایک بھی استعفی موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسپیکر کی جانب سے 11 ممبران قومی اسمبلی کے استعفے موصول ہوئے جن کو ضابطہ کے تحت منظور کرکے الیکشن شیڈیول جاری کر دیا گیا، آئین کے مطابق کمیشن 60 دن کے اندر ان نشستوں پر الیکشن کرانے کا پابند ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسپیکر کی جانب سے جب بھی استعفی موصول ہوں گے اس پر قانون اور ضابطے کے مطابق عمل کیا جائے گا، اگر اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے استعفی موصول ہی نہ ہو تو منظور کرنے کا نہ تو سوال پیدا ہوتا ہے نہ ہی الیکشن کمیشن اس کا مجاز ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں