ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت سکیورٹی و کرائم کنٹرول جائزہ اجلاس

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کی زیر صدارت شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سکیورٹی اورایس پی ہیڈ کوارٹرز بھی موجود تھے،ڈی آئی جی آپریشنز نے رمضان المبارک کی سکیورٹی اور کرائم کنٹرول کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چوری، سنیچنگ و روبری کے سد باب کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے، افطاری و سحری کے اوقات کار میں پٹرولنگ اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، بینکوں کے اوقات کے دوران اطراف میں فول پروف سکیورٹی اور پٹرولنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ایس پیز کو آٹا پوائنٹس پر خود وزٹ کرنے کا حکم بھی دیا، انہوں نے کہا آٹا پوائنٹس پر بھی جوان الرٹ رہیں، شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، عادی و اشتہاری مجرمان کے خلاف کاروائیاں تیز کریں، انسدادِجرائم کیلئے متحرک گینگز کی سرکوبی ضروری ہے، سٹریٹ کرائم کے انسداد کیلئے گشت کا دائرہ کار بڑھائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہا تھوں سے نمٹا جائے، گداگروں، قماربازوں اور ون ویلرز کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جائیں، ناکوں اور چیک پوسٹوں پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نتیجہ خیز انتظامات کیے جائیں،3 تا 5 بجے تک ایس ایچ اوز عوام الناس کی شنوائی کیلئے موجود رہیں۔