اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب کا انعقاد

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز کی جانب سے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے سلسلہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی جب کہ رینالہ خورد کے اسسٹنٹ کمشنر ضیااللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دیگر مقررین میں شعبہ اردو کی سربراہ ڈاکٹر سمیرا اعجاز، شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم اور رینالہ کے ایس ایچ او اختر خان شامل تھے۔ سیکورٹی آفیسر نوبہار خان اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد نے منتظمین کے فرائض سر انجام دیے۔ سیمینار میں طلباء نے تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے شہدا کی قربانیوں کی یاد تازہ کی اور ان کی خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے شہدا کے مرتبے اور تکریم کے حوالے سے اسلامی نقطہ نظر کی وضاحت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آرمی اور سیکورٹی اداروں کے خلاف ہونے والی پراپیگنڈہ کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے کیونکہ آرمی اور ملک لازم و ملزوم ہیں۔ پروفیسر واجد نے شہدا کی تکریم نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مہمان خصوصی ضیااللہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ہماری زندگیاں ان سیکورٹی اہلکاروں کی مرہون منت ہیں جو اپنا آرام اور جانیں داو پہ لگا کر ملک کی خفاظت کرتے ہیں۔ ہمار ی فوج پے پناہ قربانیوں کے باعث خاص تکریم کی حقدار ہے۔ ڈاکٹر سمیرا نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی یادگاروں کی حفاظت اور تکریم کرتی ہیں۔ ہمیں شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ عثمان شمیم نے باقاعدگی سے ایسی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پہ زور دیا۔ اختر خان کا کہنا تھا کہ شہدا کے خاندان بہت تکالیف برادشت کرتے ہیں لہذا ہمیں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پہ مہمان اسپیکرز میں یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔