مہاجر قابل نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ سمجھتے ہیں

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)‌ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے قائد حزب اختلاف علی خورشیدی کی سربراہی میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار سے ملاقات کی۔ آئی جی آفس کراچی میں ہونے والی اس ملاقات میں میئر کراچی مرتضٰی وہاب، جام خان شورو، آئی جی پولیس غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی بھی موجود تھے جہاں ایم کیو ایم کے وفد کو کراچی کے اسٹریٹ کرائم اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ ملاقات کے بعد علی خورشیدی نے میڈیا نمائندہ گان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے کراچی کے اسٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر حجت تمام کرلی ہے، ہم کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی آڑ ہونے والی قتل و غارت گری اور مہاجر قابل نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ سمجھتے ہیں، اسی لئے اس مسئلے پر متعدد بار پریس کانفرنس کرنے کے بعد آج ہم حکومت وقت کے وفد سے ملنے آئے ہیں تاکہ اگر اب بھی کراچی کے سب سے بڑے مسئلے کا حل نہیں نکلا تو ہمارے لئے عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کرسکیں اور کوئی جماعت اس مسئلہ کو لسانی رنگ دیکر مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے جیسا گھناؤنا عمل نہ کر سکے۔ علی خورشیدی نے کہا کہ ہم نے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار پر واضع کردیا ہے کہ ہم پولیس یا حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی کی سزا شہریوں کو بھگتنے نہیں دیں گے، ہم اس مسئلے پر سیاست نہیں چاہتے لیکن اس مسئلے کا سیاسی اور انتظامی حل چاہتے ہیں اسی لئے ہم آج ملاقات کیلئے یہاں موجود ہیں۔ قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیر داخلہ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے تھانوں میں تعیناتی کرتے ہوئے مقامی افسران کے ناموں کو ترجیح دی جائے اور کراچی میں کمیونٹی پولیسنگ کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک عوامی سیاسی جماعت ہے جس کیلئے عوامی احتجاج کا راستہ ہمیشہ کھلا ہوا ہے۔