جامعہ کراچی: نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے وفد کا دورہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)‌ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے دو رکنی وفدکا جمعہ کے روز جامعہ کراچی کا دورہ اور شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی،رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹرعبدالوحید،رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر مسرت جہاں یوسف اور شعبہ ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ اور شعبہ فزیالوجی کے اساتذہ سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔اس موقع پرکوالٹی انہاسمنٹ سیل جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر اور عملہ بھی موجود تھا۔مذکورہ دورے کامقصد شعبہ فزیالوجی اور ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ میں جاری تعلیمی پروگراموں کے معیارکا جائزہ لیناتھا۔وفد نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالغفار اور پروفیسر ڈاکٹر منظور علی ابڑو پر مشتمل تھا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے وفدکوبتایا کہ جامعہ کراچی نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنارہی ہے اور نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کی بیشترتجاویز کو پہلے ہی پوراکیاجاچکاہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل دورے سے یقیناً یونیورسٹی میں تعلیم اور تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

بعد ازاں ڈاکٹر عبدالغفار اور پروفیسر ڈاکٹر منظور علی ابڑو نے شعبہ جات کا جامع جائزہ لیا۔ اس دورے میں شعبہ فزیالوجی میں بی ایس پولٹری سائنس پروگرام کے زیرو وزٹ کے ساتھ ساتھ شعبہ ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ میں پلانٹ پیتھالوجی کا ایکریڈیشن وزٹ شامل ہے۔

نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے وفد کو وسائل کی کمی کے باوجود یونیورسٹی کی نمایاں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں پیشرفت اور طلباء کو فراہم کی جانے والی اسکالرشپس اور انٹرن شپ کے ساتھ ساتھ کیمپس میں ہونے والی کھیلوں اورنصابی وغیر نصابی سرگرمیوں اور سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔