بھارتی فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات کھل کرسامنے آگئے

نئی دہلی(ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، ڈیفنس چیف نے جب فضائی فوج کو معاون بازو قرار دیا تو ایئر چیف نے بھی کھل کر رد عمل ظاہر کر دیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس چیف جنرل بپن راوت اور بھارتی ایئر چیف مارشل بھادوریا کے درمیان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، دونوں سربراہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔بپن راوت نے جنگ کے دوران آرٹلری اور انجنیئرنگ تعاون کی طرح بھارتی ایئر فورس کے کردار کو بھی بری فوج کا معاون قرار دے دیا، بھارتی ایئر چیف معاون کہنے پر بھڑک اٹھے، انھوں نے کہا ہمارا کردار معاون کا نہیں ہے بلکہ جنگ میں یہ ایک فضائی طاقت ہے اور اس کا بڑا کردار ہے۔بہ طور آرمی چیف بپن راوت کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی بار چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ متعارف کرایا تھا، جس پر اپوزیشن اور ماہرین مودی کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے، جب کہ انڈین سروسز چیفس جنرل بپن راوت کی بہ طور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کو سیاسی تقرری مانتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں