فلپائن میں فوجی طیارہ حادثہ،ہلاکتوں کی تعداد 50ہوگئی

منیلا (ایچ آراین ڈبلیو)فلپائن میں فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی جبکہ انچاس افراد زخمی ہیں ، طیارے میں فوجی افسران سمیت چھیانوے فوجی اور عملے کے ارکان سوار تھے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی فلپائن میں جولو نامی جزیرے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے فوجی طیارے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی۔گذشتہ روز جنوبی فلپائن میں فوجی طیارہ سولو صوبے میں واقع جولو نامی جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، فوجی حکام نے بتایا تھا کہ سی ون تھرٹی طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہواتاہم طیارے سے پچاس افراد کوریسکیو کرتےہوئےزخمی افراد کواسپتال منتقل کردیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے وزیر دفاع ڈیلفن لورینزانا نے بتایا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 92 افراد سوار تھے، جن میں تین پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان بھی شامل ہیں، اس سے قبل فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سری لیتو سوبیجانا نے طیارے میں 85 افراد کے سوار ہونے کی اطلاع دی تھی۔فلپائنی فوج کے سربراہ نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ منڈاناؤ کے جنوبی جزیرے پر واقع کیگائن ڈی اورو کے علاقے سے فوجیوں کو لے جانے والا طیارہ رن وے پر اترنے میں ناکام رہا، طیارے نے دوبارہ فضا میں بلند ہونے کی کوشش لیکن کامیاب نہ ہوسکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں