درندگی و زیادتی واقعات معمول بن گئے،حکومت خواب غفلت میں مدہوش ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے امیر ، تحریک لبیک پاکستان کے پارلیمانی لیڈر برائے سندھ صوبائی اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری نے کورنگی میں نامعلوم درندوں کی حوس کی بھینٹ چڑھنے والی چھ سالہ ماہم کے زیادتی کے بعد قتل پر نہایت دکھ اور افسوس کے ساتھ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے معصوم ننھی ماہم کے عزیزواقارب کی ہر ممکن مدد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ درندگی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے مگر سنگین صورتحال پر کہیں بھی حکومتی کردار نظر نہیں آ رہا ۔ معصوم بچی کے گھر والے اور اہلیان محلہ انتظامیہ کو مدد کے لئے پکارتے رہے لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ۔یہ صورتحال انتہائی افسوس ناک ہے ۔حکومت طاقت کے نشے میں بدمست ہو چکی ہے لہذا اس نے اپنی تمام تر توانائیاں علمائے حق کو گرفتار کرنے اور اشرافیہ کی حفاظت میں لگا دی ہیں ۔حکومت پے در پے واقعات میں زیادتی کا نشانہ بننے والی معصوم بچوں اور بچیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔۔حکومت کا مقصد عوام کے جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کے بجائے صرف ملک کی طاقتور اشرافیہ کو تحفظ دینا رہ گیا ہے ۔ آخر میں امیر کراچی مفتی محمد قاسم فخری نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تا کشمیر بالخصوص چھ سالہ معصوم بچی ماہم کے ساتھ درندگی کی داستان رقم کرنے والے درندوں کو گرفتار کرکے سرعام سزائے موت دی جائے ۔کیونکہ صرف شرعی سزاؤں پر عملدرآمد کرنے سے ہی معاشرے کو اس ناسور سے بچایا جا سکتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں