حکومتی بدنظمی کے باعث بارشوں نے شہر کو کھنڈر بنادیا،سمیع الحق سواتی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات اور پی ایس 122 کے امیر مولانا سمیع الحق سواتی ، سیکریٹری جنرل محمد شریف گبول ، مولانا عبدالعلیم اظہر ، مولانا بختیار کاکڑ ، حبیب الرحمن باجوڑی، مولانا عبداللہ صافی ودیگر نے شہر کے مختلف علاقوں کی بارش سے تباہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ حکومتی ادارے روڈوں کی من پسند ٹھیکداروں سے استرکاری کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے آئے ہیں ، بارش کی چند بوندوں نے روڈوں کا نقشہ کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ سپریم کورٹ کو روڈوں کا سروے کرکے سرکاری فنڈز میں خرد برد کرنےوالوں کیخلاف ایکشن لیناچاہئے-انہوں نےکہا کہ سرجانی ٹاؤن اورگردونواح میں بارشوں کے بعد حکومتی مشینری منظرعام سے غائب ہے، جگہ جگہ جمع پانی سے تعفن اٹھ رہا ہے ، شاہراہیں موت کے کنوؤں کا منظر پیش کررہی ہیں ۔ عوامی نمائندگی کے دعویدار بلوں سے باہر نکل کر عوامی غیظ و غضب کا سامنا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں ایک دوسرے پر الزامات لگاکر کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں ، دونوں مل کر شہر کے وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں الزامات کا بھونڈا کھیل بند کرکے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے-

اپنا تبصرہ بھیجیں