مظلوم فلسطینیوں کے مسئلے پر پوری دنیا میں سیاست ہو رہی ہے،بلال سلیم قادری

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان گذشتہ مئی کے بعد سے پرتشدد کشیدہ صورتحال مزید بڑھتی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے پاکستان سنی تحریک کے مرکزی شعبہ نشر اشاعت سے جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے مسئلے پر پوری دنیا میں سیاست ہو رہی ہے۔یورپی ممالک کی بھرپور حمایت اسرائیل کو حاصل ہے۔مگر اسلامی ممالک میں انتشار پھیلا جیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے نہ آئے۔مشرق وسطی کے اس طویل اور خونی تنازعے کو دہایاں گزر چکی ہیں جس کا مستقبل قریب میں بھی کوئی مستقل حل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔اسرائیل غزہ میں فلسطینی آبادیوں کو فضائی اور زمینی حملے کر کے تباہ و برباد کر رہا ہے۔مگراسرائیلی آبادیوں کی حفاظت کے لیے خفیہ ہاتھ خاموشی سے کام کر رہے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیمیں ہوں یا اقوام متحدہ کسی کو بھی فلسطینیوں کے بہنے والا خون نظر نہیں آرہا۔بلال سلیم قادری نے مزید کہا کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو قبروں میں سلانے کے باوجود اسرائیل کی سرکشی کو کوئی روکنے والا نہیں ہے۔انسانیت کا درد دل رکھنے والے ہر انسان اسرائیل اور اس کے حواریوں کے بھیانک چہروں پر تنقید کر رہا ہے مگر یہ سب کچھ دیکھتے ہوئے بھی امن کا نعرہ لگانے والے اپنی آنکھوں پر پٹیاں باندھے بیٹھے ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے زبانی کلامی باتوں سے فلسطینیوں کے زخم کا علاج نہیں ہو سکتا۔اگر واقعی میں فلسطینیوں کے زخم کا علاج کرنا ہے تو پھر جس طرح دیگر ممالک کی سرکشی پر ان پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں اسرائیل پر بھی فل فور پابندیاں لگا کر اس کا ہر طریقے سے بائیکاٹ کیا جائے۔مگر پابندیاں لگائے گا کون وہ سب بھی تو اسرائیل کے ہی حواری ہیں۔اسرائیل، امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین سمیت کئی عالمی طاقتیں مظلوم فلسطینیوں کو دہشتگرد قرار دے چکی ہیں۔مگر اسرائیل کی جارحیت اور دہشتگردی انہیں نظر نہیں آرہی ہے۔