عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی لاہور کا مظاہرہ

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہدرہ موڑ پر ” اب جاگ میرے لاہور ” مہم کے سلسلے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد و دیگر قائدین نےکی۔ مظاہرے میں تاجر برادری اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین کے مطالبات میں شاہدرہ موڑ فلائی اوور کی تعمیر، امامیہ کالونی پھاٹک فلائی اوور کی تعمیر ، شرق پور روڈ کی مرمت و تعمیر اور شاہدرہ میں کوڑا کرکٹ و گندگی کی صفائی و دیگر عوامی مسائل کا حل شامل ہیں۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم صفائی اور امن و امان کے حوالے سے لاہور کو کراچی نہیں بننے دیں گے۔ باغوں کے شہر لاہور کو نا اہل حکمرانوں اور انتظامیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ جب تک لاہوریوں کے مسائل حل نہیں ہوتے جماعت اسلامی حکمرانوں کا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی لاہور شہر کو ملنے والے 4 ارب کے بجٹ کا منصوبہ دے۔ شاہدرہ اور گرد و نواع کی آبادیاں مسائل کا گڑھ بن چکی ہیں۔ ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر، ہر طرف گندگی اور ٹریفک بد انتظامی جیسے مسائل شاہدرہ کی پہچان بن چکے ہیں۔ اگر انتظامیہ نے شہر کے مسائل کے حل کیطرف فوری توجہ نہ دی تو اگلے مرحلے میں ہم حکمرانوں اور انتظامیہ کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔ مظاہرے میں چوہدری محمود الاحد، جبران بٹ، زاہد شباب بٹ و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں